اشتیاق ملک
ڈوڈہ //وادی چناب میں ہر سال سینکڑوں افراد سڑک حادثات کا شکار ہو رہے ہیں جن میں درجنوں افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں اور ہزاروں لوگ عمر بھر کے لئے معذور بن چکے ہیں تاہم سرکاری طور پر ان حادثات کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں سیول سوسائٹی و عوامی حلقوں میں سابق و موجودہ حکومتوں کے تئیں ناراضگی پائی جاتی ہے۔جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ماہ اگست تک وادی چناب کے اضلاع ڈوڈہ،کشتواڑ و رام بن میں 398 سڑک حادثات رونما ہوئے ہیں جن میں 68 افراد جاں بحق و 533 زخمی ہوئے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد ڈوڈہ ضلع کی ہے۔رواں سال کے ماہ جنوری سے ماہ اگست تک ڈوڈہ ضلع میں 138 سڑک حادثات میں 23 لوگ جاں بحق و 220 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح ضلع کشتواڑ میں 76 سڑک حادثات میں 24 افراد ہلاک و 96 زخمی ہوئے ہیں اور ضلع رام بن میں پیش آئے 184 سڑک حادثات میں 21 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور 217 لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔ اس طرح سے آٹھ ماہ کے دوران وادی چناب کے تینوں اضلاع میں کل 398 سڑک حادثات پیش آئے ہیں جن میں 68 لوگوں کی موت و 533 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بہتر ٹریفک نظاممیں سیول سوسائٹی و ڈرائیور وںکا کلیدی رول :ایس ڈی پی او گندوہ
ٹریفک قوانین کی عمل آوری یقینی بنانے پر زور دیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے و سڑک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات میں کمی لانے کے پیش نظر ڈوڈہ پولیس نے جگہ جگہ ٹریفک ناکے لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی مہم شروع کی ہے۔ادھر سب ڈویڑنل پولیس آفیسر گندوہ عادل ریشو کی قیادت میں دوندی، کاہرہ ،باتھری ،بھٹیاس ،ملکپورہ ،گندوہ و گواڑی میں معمول کی ٹریفک چیکنگ میں تیزی لاتے ہوئے ڈرائیوروں و عوام سے بہتر ٹریفک نظام بنانے میں پولیس کو اپنا مکمل تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے ڈرائیوروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ تیز رفتاری، اور لوڈنگ و گاڑی چلاتے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے سے احتیاط کریں اور اپنی و گاڑی میں موجود سواریوں کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اور لوڈنگ و تیزی سے گاڑی چلانے کے لئے ڈرائیور کو مجبور نہ کریں اور سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کی نشاندہی کرکے کسی بھی پولیس چوکی کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے سڑک حادثات سب کے لئے باعث تشویش ہے اور ان کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ سیول سوسائٹی ،عوام و ڈرائیوروں کے تال میل کی سخت ضرورت ہے تاکہ مل جل کر ہر شہری کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔