سرینگر//سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں دوسرے روز بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،جبکہ پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔انتظامیہ نے بالائی علاقوں میںآئندہ24گھنٹوں کے دوران تودے گر آنے کی درمیانہ درجے کی وارننگ جاری کی ہے،جبکہ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بھی ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں میدانی علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی شب کو بھی ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،جبکہ جمعرات دن بھر وقفہ وقفہ سے بارشیں ہوتی رہیں۔ادھر سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برف باری ہوئی۔اس دوران مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ میںافروٹ پہاڑی پر تازہ برف باری ہوئی۔ جبکہ صبح سے ہی گلمرگ میں تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ دن بھر جاری رہا۔ شام5بجے تک افروٹ پہاڑی پر قریب ایک فٹ تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ ادھر بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔شمالی کشمیر میں بھی دن بھر بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ نستہ چھن گلی،رازدان ٹاپ، اور فرکیاں میں تازہ برفباری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ میدانی علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کا امکان ہے۔اس دوران انتظامیہ نے پر خطر علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کی وارنگ جاری کی ہے۔ترجمان کے مطابق’’ ایس ائے ایس ای سے موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر کپوارہ کے چوکی بل،ٹنگڈار،بارہمولی کے گلمرگ،فرکیاں گلی ،گریز اور بانڈی پورہ میں درمیانہ درجے کی انتباہ جاری کی گئی ہے،کہ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران ان علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کا امکان ہے‘‘۔برفانی تودے گرنے سے متعلق کم خطرات کی وارننگ اسلام آباد(اننت نا) ، کو لگا م ، بڈ گا م ، گا ند ر بل ،کرگل،لیہہ اور سرینگر جموں شاہرہ کے علاوہ پونچھ،راجوری،ریاسی،ڈوڈہ،کشتواڑ،ادھمپور میں بھی جاری کی گئی ہے۔ آفات سماویٰ سے متعلق اتھارٹی نے ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاتی طور پر پر خطر علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔