عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//انکم ٹیکس محکمہ کے اننت ناگ یونٹ نے وادی بھر میں حکومت کی ٹیکس پالیسیوں اورفیصلوں سے ٹیکس دہندگان کوآگاہ کرنے کیلئے عوامی رسائی پروگرام منعقد کئے ۔عوامی رسائی پروگراموں میں ٹیکس دہندگان،ٹیکس پیشہ ور،چارٹرڈاکائونٹنٹ اور دیگرمتعلقین نے سرگرمی سے حصہ لیا۔تبادلہ خیالات کی تشستوں میں متعلقین کے علاوہ کالج طلاب کو بھی حکومت کے مخصوص اقدامات سے آگاہ کرنے کی علاوہ ان کوصلاح مشورے بھی دیئے گئے۔
ان نشستوں میں تازہ ترین قواعدوضوابط سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے علاوہ ان پربحث ومباحثہ بھی ہوااورانکم ٹیکس محکمہ کے کام کاج کی آگہی فراہم کی گئی۔انہیں یہ بھی بتایاگیا کہ کاروباری جگہوں پرافراداور اثاثوں کی تصدیق ،جائزے کااہم جز ہے۔ٹیکس دہندگان اورشرکاء پرزوردیا گیا کہ وہ محکمہ کی آن لائن نوٹسوں کابروقت جواب دیںاوربصورت دیگر یہ کافی جھمیلوں کاباعث بن سکتا ہے۔ محکمہ کے اننت ناگ یونٹ کاویری فیکیشن شعبہ کشمیرسے متعلق کافی حوالے موصول کرتاہے جن سے بچاجاسکتا تھااگر ٹیکس دہندگان آن لائن نوٹسوں کا بروقت جواب دیتے۔ابھی تک 23ستمبر کاگلمرگ،25کوپہلگام ،26کواننت ناگ اور27ستمبر کوسرینگرمیں یہ عوامی رسائی پروگرام منعقد کئے گئے۔ان پروگراموں میں چیف انکم ٹیکس کمشنر لدھیانہ وکرم گور کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے متعلقین کو مختلف ٹیکس سکیموں کی آگاہی فراہم کی۔متعلقین نے ان پروگراموں کے اہتمام کرنے کیلئے محکمہ انکم ٹیکس کی سراہنا کی۔