سرینگر//محکمہ موسمیات نے وادی میںفی الحال موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے اہل وادی کو سخت سردیوں کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ وادی میںرات کے کم سے کم درجہ حرارت میںپھر سے بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔شبانہ سردی کی شدید لہر کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پوری وادی میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کے دوران ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔اس شب کے دوران لداخ کا کرگل علاقہ سرد ترین علاقہ ثابت ہوا جہاںرات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی15.1ڈگری سیلشیس جبکہ لیہہ میں منفی13.1ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.9ڈگری جبکہ شمالی کشمیر کے گلمرگ میں منفی7ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔سرینگر میںمحکمہ موسمیات کے ایک آفیسر نے بتایا کہ فی الحال وادی کے موسم میں آئندہ ایک ہفتے سے دس دنوں تک کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں ہے اور اس دوران شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران موسم مجموعی طور خشک اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشوں کی کوئی توقع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دن کے درجہ حرارت میں اگر چہ بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے، البتہ رات کا درجہ حرارت بتدریج کم ہوتا رہے گا۔