جموں //کشمیر میں بجلی کی ابترصورتحال اور بجلی ٹرانسفامروں کی مرمت میں تاخیر کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن ممبران نے سرکار کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا ۔قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بجلی کے وزیر ڈاکٹر نرمل سنگھ ممبراسمبلی بڈگام آغاسید روح اللہ کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے کہ اس دوران اپوزیشن ممبران نے ضمنی سوالات پوچھتے ہوئے وادی میں بجلی کی ابتر صورتحال کا معاملہ اٹھایا اور نائب وزیر اعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔اس دوران وزیر نے اپوزیشن پرجوابی وار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حزب اختلاف ارکان اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔ڈاکٹر نرمل سنگھ کے بیان پر آغا رح اللہ ،علی محمد ساگر اور عبدالمجید لارمی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور سرکار مخالف نعرہ بازی کرنے لگے ۔انہوںنے سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی بی جے پی سرکار سرما کے دوران لوگوں کو معقول بجلی سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اوروادی کے لوگ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ ممبران نے کہا کہ کشمیر کو موجودہ سرکار نے سرما میں اندھیرے میں دھکیل دیا ہے اور حکومت پھربھی یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ بجلی کے حوالے سے کافی کام کئے گئے ہیں ۔انہوں نے سرکار سے جواب طلب کیا کہ آخر کیوں کشمیر وادی میں سرما شروع ہوتے ہی بجلی گل ہو جاتی ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس حوالے سے کہا کہ ریاستی سرکار کشمیر وادی میں صلاحیت سے زیادہ بجلی فراہم کر رہی ہے اور لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم ہو رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال کشمیر کو 50میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی گئی ہے اور اپوزیشن کے ممبران بجلی پر سیاست کھیل رہے ہیں۔ اس دوران اپوزیشن ممبران وزیر کے جواب سے مطمئن نہ ہوکر پی ڈی پی بی جے پی سرکار میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے کے نعرے بلند کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔ اس سے قبل پی ڈی پی رکن اسمبلی سونہ وار محمد اشرف میر نے بھی وادی میں بجلی کی ابتر صورتحال اورٹرانسفامروں کی مرمت میں تاخیرکا مدعا اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جس علاقے میں بجلی ٹرانسفامر خراب ہو جاتے ہیں وہاں سے اٹھا کر ورک شاپوں تک لیجانے میں دو دن اور پھر مرمت میں تین سے چار دن لگ رہے ہیں ۔انہوں نے محکمہ بجلی کے وزیر سے کہا کہ وہ اس حوالے سے اقدمات کریں تاکہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ نمازیوں کو بھی مشکلات کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔بعد میں ایوان کے باہرکانگریس کے رکن گلزار احمد وانی نے میڈیا کو بتایا کہ وادی بھر میں بجلی کا حال بے حال ہے اور لوگ سخت پریشانی میں مبتلا ہیں ۔وہیںممبر اسمبلی عید گاہ مبارک گل نے کہا کہ کشمیر وادی میںبڑی تعداد میں بجلی ٹرانسفامر خراب ہیں اور اُن کی مرمت کے حوالے سے سرکار کوئی کاروائی عملہ میں نہیں لا رہی ۔