سرینگر //ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ سیکمز میڈیکل انسٹیچوٹ میں تشخیص کے بعد پہلی سوائن فلو مریضہ کی تصدیق ہوگئی ہے اور اس طرح کشمیر میں امسال سوائن فلو نے دستک دے دی ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارلحسن نے منگلوار کو عام لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوائن فلو بیماری سے بچنے کیلئے سوائن فلو مخالف ٹیکے لگوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ لگانا سوائن فلو مخالف بہترین علاج ہے کیونکہ یہ آپ کو ازخود بچانے کے علاوہ آس پاس رہنے والے لوگوں کو بھی محفوظ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا ’’فلو غیر متوقع ہے کیونکہ ہمیں معلوم نہیں ہے کہ آنے والے دنوں میں کیا ہوگا اور ایسا بھی ممکن ہے کہ امسال سردیوں کا سیزن زیادہ خراب رہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹیکے کے ذریعے ہی خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلو کے ٹیکے لینے سے بیماری دور ہوجاتی ہے، ڈاکٹروں کے پاس بار بار جانے سے بچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے بچے سے لیکر ہر عمر کے لوگوں کو اس ماہ کے آخر تک سوائن فلو مخالف قطرے پینے چاہئیں۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ چھوٹے بچوں، بزرگوں ، حاملہ خواتین اور مختلف بیماریوں میں مبتلا لوگوں کو سوائن فلو مخالف قطرے ضرور لینے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین اور انکے پیٹ میں پلنے والے بچوں کیلئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے لازمی ہے کہ وہ سوائن فلو کے ٹیکے لگوائے کیونکہ ملازمین مریضوں کو کبھی بھی ہاتھ لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو کے آثار میں زیادہ بخار، گلے میں خراش، کھانسی، ناک بہنااور پورا جسم در د کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلو نامی بیماری کھانسی اور چھینک سے بھی پھیلتا ہے اور اسلئے لگاتار ہاتھ صابن سے دھونا چاہئے۔