سرینگر/کشمیر وادی میں غیر متوقع برفباری سے اے ٹی ایم نیٹ ورک میں پیدا شدہ خلل کو ودر کرتے ہوئے جے کے بنک نے خطے میں اپنی بیشتر آٹو ٹیلر مشینوں کو بحال کیا ۔بنک کے اے ٹی ایم نیٹ ورک میں خلل واقع ہونے کے ساتھ ہی بنک نے فوری طور وادی کے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ وہ لوگوں کی راحت کیلئے اے ٹی ایم نیٹ ورک کو بحال کریں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر خطے میں جے کے بنک کے 700اے ٹی ایم ہیں۔بھاری برفباری کے نتیجے میں وادی بھر میں بجلی سپلائی ٹھپ ہونے کے باعث ،بغیر خلل بجلی سپلائی(UPS)سسٹم ختم ہوگیا ،جس نے ان مشینوں کو غیر فعال بنا دیا ۔بنک نے اس نظام کو بحال کرنے کیلئے موبائل پاور جنریٹر کام پر لگا دئے تاکہ معمول کی بجلی سپلائی بحال ہونے تک ان مشینوں کو وافر بجلی مہیا کرائی جاسکے۔بنک ترجمان کے مطابق آخری رپورٹ آنے تک خطے میں80فیصد اے ٹی ایم نیٹ ورک کو فعال بنا دیا گیا تھا جبکہ باقی ماندہ مشینوں کو چند گھنٹوں میں ٹھیک کیا جائے گا۔اسپتالوں میں نصب ٹیلر مشینوں کو ترجیحی بنیادوں پر کام پر لگا دیا گیا ۔بنک نے عوام سے اے ٹی ایم خدمات میں آئی رکاوٹ پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ خلل وادی میں پاور سپلائی میں آئی رکاوٹ کے نتیجے میں پیش آئی۔دریں اثناء بنک نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے جو اس نے ہر حال میں لوگوں کو بغیر خلل خدمات بہم رکھنے کے حوالے سے کیا ہے ۔بنک نے اپنے تمام کھاتہ داروں کا شکریہ ادا کیا جو انہوں نے مشکل اوقات میں صبر وتحمل کااظہار کیا ہے ۔