یو این آئی
سرینگر//وادی میں طویل خشک سالی کے بیچ پیر کی شام پہاڑی علاقوں میں ہلکے برف و باراں اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہوئی ۔ وادی کشمیر میں پیر کی شام پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقامات پر تازہ برف و باراں سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔وادی میں سہ پہر کو موسم نے کروٹ بدلی جس کے ساتھ ہی میدانی علاقوں میں بارشیں اور پہاڑوں علاقوں بالخصوص سیاحتی مقامات پر برف باری کا سلسلہ شروع ہوا۔سونہ مرگ میںگنڈ ، گگن گیر اور زوجیلا میں ہلکی برفباری ہوئی۔ زوجیلا پر تین انچ برف ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کے اوپری پہاڑیوں پر بھی تازہ برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیا ت نے بتایا کہ مغربی ہوائیں، وادی کشمیر کی پہاڑیوں سے ٹکرانے کے ساتھ ہی سہ پہر کے بعد موسم تبدیل ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ گلمرگ کے افروٹ، کنگہ ڈوری، سنتھن ٹاپ ، سادھنا ٹاپ، رازدان ٹاپ اور پیر کی گلی پر تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سادھنا ٹاپ پر پیر کی سہ پہر سے ہی برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ان کے مطابق کئی گھنٹوں تک ہی میدانی علاقوں میں بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برف و باراں جاری رہے گی اور اس کے بعد موسم میں بہتری واقع آنا شروع ہو جائے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سے دو دن کیلئے پیش گوئی کی ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سونم لوٹس نے کہا کہ جموں و کشمیر کے حصوں میں مزید وقفے وقفے سے بارش اور الگ تھلگ مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منگل کی صبح سے موسم کی صورتحال بہتر ہونا شروع ہو جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ اب سے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹرنے مزید بتایا کہ 14 اکتوبر سے موسم زیادہ تر ابر آلود رہے گا جبکہ 17 اکتوبر تک بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔