اشفاق سعید
سرینگر//محکمہ موسمیات نے کشمیر ڈویژن اور بھدرواہ سے بانہال تک پیرپنجال کے پہاڑوں پر اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں زیادہ تر خشک موسم کی توقع ہے۔جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے ۔ گزشتہ کئی روز تک وادی میں مطلع ابرآلود رہنے اور درجہ حرارت میں گراوٹ کے بعد اتوار کو صبح سے دھوپ نکلی جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے کو ملا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں کہیں کہیں پر ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ رات 10.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔۔قاضی گنڈ میں 9.8 ،کوکرناگ میں 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جموں میں گزشتہ رات 20.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔