شوکت حمید
سرینگر//وادی میں جہاں گذشتہ کئی ہفتوں سے موسم خوشگوار رہا اور دن میں دھوپ اور صبح اور شام کے اوقات سردی محسوس کی جارہی تھی ،محکمہ موسمیات نے وادی میں کل یعنی منگل کوبالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ 5نومبر سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے کی پیش گوئی کی ہے ۔سرینگر میں تعینات محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کل شام دیر گئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک تیز رفتار مغربی ہواؤں کا سلسلہ (ویسٹرن ڈسٹربنس) منگل کی صبح 8 بجے سے 10 بجے کے درمیان وادی وارد ہورہا ہے جو شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔انہوں نے کہا یہ نظام جیسے جیسے آگے بڑھے گا، اس کے اثرات بتدریج جموں و کشمیر کے دیگر حصوں تک پھیل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وادی کے بیشتر حصوں میں منگل بعد دوپہر سے اس نظام کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوں گے اور میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ منگل کی شام4بجے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوگی اور یہ سلسلہ رات تک جارہ رہ سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بدھ سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے تاہم5اکتوبر سے وادی کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی حصوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی جس کی وجہ سے صبح اور شام ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگا ۔محکمہ نے اس کے بعد اگلے تقریباً 10 دن تک مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ڈاکٹر مختار نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ان دنوں میں کسان اپنے باغات میں درختوں کی شاخ تراشی اور دیگر زرعی کام انجام دے سکتے ہیں ۔ادھرجموں کے کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق اس بار نظام کی مدت مختصر ہونے کے باعث میدانی علاقوں میں برف باری کے امکانات نہیں ہیں، تاہم بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری متوقع ہے۔