بروقت آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پرعزم :ستیش شرما
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ستیش شرما نے باغبانی شعبے کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر سے ملک کے مختلف حصوں میں تازہ پیداوار کی آسانی سے ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم قدم میں کل وادی کشمیر سے پھلوں سے لدی گاڑیوں کو بیرونی ریاستوں کی طرف ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر آر ٹی او کشمیر قاضی عرفان اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس اَقدام کے تحت اَب تک جے کے آر ٹی سی کی 158 گاڑیاں جن میں ٹرالے بھی شامل ہیں، شوپیاں، اننت ناگ، سوپور اور پلوامہ کی بڑی فروٹ منڈیوں سے ہندوستان بھر کی منڈیوں کی طرف روانہ کی گئی ہیں۔ یہ مربوط کوشش وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کی جا رہی ہے جنہوں نے فصل کٹائی کے موسم کے دوران پھلوں کے کاشت کاروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔ستیش شرما نے روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باغبانی جموں و کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو لاکھوں کنبوں کو روزی روٹی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا،’’کاشت کاروں کے لئے بہتر قیمتوں کو یقینی بنانے اور کشمیر کی پیداوار کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے پھلوںبالخصوص سیب کی بیرونی منڈیوں تک بروقت ٹرانسپورٹیشن بہت ضروری ہے۔‘‘ شرما نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کر رہے ہیں تاکہ پھلوں سے لدی گاڑیوں کی روانگی میں کسی قسم کی رُکاوٹ نہ ہو، سفر میں تاخیر کم ہواورجلد خراب ہونے والی پیداوار کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ منڈیوں سے بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لئے اِضافی گاڑیوں کی کو بھیجنے کی اَصل وقت کی بنیاد پر نگرانی کی جارہی ہے اورکلیدی راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ پھلوں کی کھیپ بیرونی ریاستوں تک بغیر کسی رُکاوٹ کے پہنچ سکے۔