سرینگر //دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی جمعہ کے روز جشن ولادتؐکی تقریب باسعادت انتہائی احترام کیساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوںمیں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ نماز جمعہ کے خطبات میںعلمائے کرام اور ائمہ مساجد نے محسن کائناتؐکی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں ہڈیوں کو منجمند کردینے والی سردی کے باوجود ہزاروںکی تعداد میں لوگ وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے۔جبکہ دن کے دوران وادی کے اطراف و اکناف میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ہزاروں لوگ موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کے اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا ۔ شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ شوپیان، صورہ، حضرت مخدوم صاحب، کھرم سرہامہ، سیر ہمدان ،تجر شریف،کعبہ مرگ اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی ولادت با سعادتؐ کے ضمن میںمنائی جانے والی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔وادی کشمیر جہاں جشن عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی، کے تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔انتظامیہ نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میںبلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب رکھی گئی تھی۔پلوامہ سے نامہ نگار سید اعجاز نے بتایا کہ پانپور اور ترال میں خانقاہ فیض پناہ میں روح پرور اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں لوگوںنے شرکت کی ۔ یہاں کئی تبرکات کی نشاندہی بھی کی گئی۔اس دوران عقیدتمندوں نے اس وقت وقف بورڑ انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا جب عین نماز کے وقت فرزندان توحید کی ایک بڑی تعداد کو گلاس باغ میں نماز ادا کرنے کیلئے کہا گیا۔زائرین نے انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔انہوں نے کہا کہ منتظمین کو پہلے ہی چاہے تھا کہ وہ گلاس باغ میں زائرین کو نماز ادا کرنے کیلئے کہتے۔عقیدتمندوں کے اس احتجاج کی وجہ سے نماز جمعہ بھی آدھ گھنٹہ تاخیر سے ادا کی ۔