آر اینڈ بی ہندوارہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرنیکی ہدایت، رینج آفیسر کیخلاف نوٹس جاری
اشفاق سعید
کپوارہ // وادی بنگس کو تباہ کرنے کیلئے سڑکوں کی غیر قانونی طور پر تعمیر کیرنے کی دوڑ لگی ہے۔ 36کلو میٹرہندوارہ راجواڑ بنگس روڑ کی غیر مجاز اتھارٹی اور فاریسٹ کلیئرنس کے بغیر تعمیر کے بعد اب لنگیٹ فاریسٹ ڈویژن میں دریش پورہ سے بنگس روڈ کی غیر قانونی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے۔اس روڑ کی تعمیر بند کرنے کیلئے محکمہ جنگلات کے محکمہ آر اینڈ بی کیخلاف وجہ بتائو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔کنزر ویٹر نارتھ سرکل سوپور کی جانب سے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر لنگیٹ کے نام ایک خط میں کہا گیا ہے کہ آر اینڈ بی ڈویژن ہندواڑہ کی طرف سے لنگیٹ فاریسٹ ڈویژن میں دریش پورہ سے بنگس تک غیر مجاز سڑک کی تعمیر کی جارہی ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کے علم میں آیا ہے کہ لنگیٹ فاریسٹ ڈویژن کے دائرہ اختیار میں درش پورہ سے بنگس تک محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی)ڈویژن، ہندوارہ کے ذریعہ غیر مجاز سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ سرگرمی مبینہ طور پر جنگلات کے تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ یہ ضروری منظوریوں کے بغیر محفوظ جنگلاتی زمین پر تجاوزات کے مترادف ہے۔
لہٰذااس سنگین معاملے کو حل کرنے کے لیے فوری طور پرایگزیکٹیو انجینئر(آر اینڈ بی)ڈویژن، ہندواڑہ، اور غیر مجاز تعمیرات کے ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے فوری قانونی کارروائی شروع کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایف آئی آر مناسب حکام کے پاس درج کی گئی ہے اور اس کی ایک کاپی اس دفتر کو ریکارڈ اور مزید کارروائی کے لیے بھیجی گئی ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جس علاقے میں غیر مجاز تعمیرات ہو رہی ہیں وہاں تعینات فاریسٹر، بیٹ گارڈ اور دیگر اہلکاروں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کریں۔ ان کے نام، عہدہ، اور ڈیوٹی میں مخصوص کوتاہیوں کو شامل کریں جس کی وجہ سے اس خلاف ورزی کا پتہ نہیں چل سکا۔ مزید برآں، اپنے فرائض کو مثبت طریقے سے انجام دینے میں ناکامی پر ان اہلکاروں کے خلاف شروع کی گئی تادیبی کارروائیوں کا خاکہ بنائیں۔خط کے مطابق سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی تفصیلات اور جمع کروائیں، بشمول یہ کہ آیا آر اینڈ بی ڈویژن، ہندواڑہ کی طرف سے ٹھیکیدار کو کوئی ورک آرڈر جاری کیا گیا تھا۔ کسی بھی متعلقہ دستاویزات کی کاپیاں فراہم کریں، جیسے کام کے احکامات، معاہدے، یا اجازتیں، اگر دستیاب ہوں۔صوبائی فاریسٹ آفیسر کویہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اس جگہ کا فوری معائنہ کریں جہاں غیر مجاز تعمیرات ہو رہی ہیں۔ ایک جامع معائنہ رپورٹ تیار کریں جس میں تجاوزات کی حد، ماحولیاتی نقصان، اور دیگر متعلقہ مشاہدات کی تفصیل ہو اور تین کے دنوں کے اندر رپورٹ اس دفتر میں جمع کروائیں۔رینج آفیسر راج وارڑفاریسٹ رینج کو وجہ بتا نوٹس جاری کیا جائے اور جواب طلب کیا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ جنگل کے اندر کسی بھی غیر مجاز تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں، جنگل کے تحفظ کے قوانین اور ضوابط کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔