عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں بدھ کی دوپہر ہلکی بارش یا برفباری ہوئی۔محکمہ نے کہا ہے کہ15 اور20 مارچ کے درمیان موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے ۔ بدھ کے روز سرینگر سمیت وادی کے کئی میدانی علاقوںمیں بارش اور دُودھ پتھری، سونمرگ سمیت کئی بالائی مقامات پر برف باری ہوئی۔ ایک درمیانی شدت کامغربی ہوائوں کا مرحلہ جموں و کشمیر کے حصوں کو متاثر کر رہا ہے۔وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں کل دوپہر سے ہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ گریز، تلیل گلمرگ، سونمرگ، زوجیلا، گگن گیر اور دُودھ پتھری کے علاوہ کپوارہ ، کشتواڑ اور ڈوڈہ میںہلکی برف باری ہوئی۔ کشمیر ویدر کے مطابق جموں و کشمیر میں 14 مارچ کی دوپہر سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔ موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے کہاکہ 13مارچ بروز بدھ شام تک گرج چمک کیساتھ بارشیں ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
موسمیاتی مرکز سری نگر نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش یا برف باری ہوگی۔موسمیاتی مرکز نے کہا کہ15 مارچ سے20 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔سری نگر شہر سمیت وسطی کشمیر میں بعدددوپہر ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔سرینگرمیں تقریباًایک گھنٹے تک بارش ہونے کے بعد یہ سلسلہ رک گیا جبکہ وسطی کشمیرکے باقی دونوں اضلاع بڈگام اور گاندربل ،شوپیا ن اورکولگام اضلاع سمیت جنوبی کشمیر کے کئی علاقوںمیںبعدددوپہر ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیاجو کچھ وقت تک جاری رہنے کے بعدرک گیا ۔اشرف چراغ کے مطابق کپوارہ کے بالائی علاقوں میں دوپہر 1بجے موسم نے کروٹ لی اور برف باری کے ساتھ ساتھ بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ضلع کے بالائی علاقوں میں شام گئے دیر قریب 4انچ برف جمع ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی جس کے نتیجے میں چوکی بل کرناہ،میلیال کیرن اور سرکلی مژھل سڑکو ں کو گا ٖڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دی گئی ۔ نستہ ژھن گلی (سادھنا) پر 4،فرکیا ں ،3اور مژھل کی زیڈ گلی پر 2انچ برف جمع ہوئی ہے ۔ادھربدھ کی دوپہر ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیرگئے تک جاری تھا ۔ سنتھن ٹاپ اننت ناگ قومی شاہرہ پر آمدرفت بدستور معطل ہے۔ بالائی علاقہ جات سنتھن، مرگن، الوفارم سرٹاپ، واڑون و مڑواہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔ادھرڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ۔