اشفاق سعید+محمد تسکین+غلام نبی رینہ
سرینگر+بانہال+کنگن //جموں اور کشمیر میں بیشتر مقامات پر بارشیں ہوئیں جبکہ گلمرگ،گریز اور مژھل کپوارہ سمیت کچھ دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے ٹنل کے آر پار بیشتر مقامات پر 7سے 12اپریل تک موسم خشک رہنے اور 5و6اپریل تک جوں کی توں صورتحال جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وادی گریز ، گلمرگ اور کپواڑہ کے مژھل علاقے میں6انچ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہوادی کشمیر اور جموں خطہ کے الگ تھلگ مقامات پر منگل کو مسلسل دوسرے دن وسیع پیمانے پر ہلکی بارش ہوئی جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے اور ہر طرف سردی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وادی کشمیر کے بیشتر مقامات اور جموں کے الگ تھلگ مقامات پر آج بھی وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دوپہر اور شام تک جموں و کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات پر بارش کے مختصر وقفے کی پیش گوئی کی ہے۔ 7 سے 12 اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔سری نگر میں 5.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 4.8 ملی میٹر، پہلگام میں 6.5 ملی میٹر، کپواڑہ میں 19.5 ملی میٹر، کوکرناگ میں 5.0 ملی میٹر اور گلمرگ میں 10.8 ملی میٹر بارش گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح تک ریکارڈ کی گئی۔ادھربانہال کے نزدیک ٹیمپو ٹرولر پتھروں کی زد میں آنے سے دو خواتین سمیت تین غیر ریاستی مسافر زخمی ہوئے۔ بانہال کے نزدیک چملواس علاقے میں ایک ٹیمپو ٹرولر پتھروں کی زد میںآگیا اور ٹیمپو ٹرولر میں سوار اتر پردیش کی دو خواتین سمیت تین مسافر زخمی ہوئے جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں زخمیوں کے سروں پرچوٹیں لگی ہیں اور بہتر علاج کیلئے زخمیوں کو بانہال سے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے زخمیوں کی شناخت دس سالہ لکشیت گپتا ولد جے کے گپتا، میگا رستوگی زوجہ سوریہ کمار اور جے کے گپتا ولد سوریہ گپتا عمر 35 سال ساکنان میرٹھ اتر پردیش کے طور کی ہے۔ادھرزوجیلا میں دو مقامات پر برفانی تودے گرنے کے بعد منگل کوسرینگر کرگل شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ۔ٹریفک حکام نے کہا کہ پانیماتھا اور کائی پاتھری علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی وجہ سے ہائی وے بند ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے ساتھ ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔کرگل پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا، “سرینگر کرگل شاہراہ کو بلاک کر دیا گیا ہے اور سونمرگ میں پانیماتھا اور کائی پتھری میں برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے ٹریفک روک دیا گیا ہے۔ منگل کو زوجیلا ،سونہ مرگ ،گگن گیر ،کلن اور گنڈ میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے نتیجے میں حکام نے عارضی طور پر شاہراہ کو بند کردیا ۔شاہراہ پر مسافر اور سبزی سے لدی ہوئی چھوٹی گاڑیاں درماندہ ہیں ۔ زوجیلا میں ایک فٹ، سونہ مرگ میں ایک فٹ اورگگن گیر میں دو انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔
شاہراہ 7اپریل کو بند رہے گی
بانہال/محمد تسکین/ حکام نے منگل کو بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ رام بن ضلع کے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں مرمت کے لیے 7 اپریل کو بند رہے گی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)، رام بن، موہتا شرما نے کہا، “ہائی وے پر اہم مرمت اور دیکھ بھال کے کاموں کے لیے دی گئی ہدایت کی بنیاد پر، 7 اپریل کو ناشری سے نیویوگا ٹنل کے درمیان ٹریفک ڈرائی ڈے کے طور پر قرار دیا گیا ہے۔”انہوں نے کہا کہ 7 اپریل صبح 6 بجے سے 8 اپریل کی صبح 6 بجے تک رام بن سیکشن میں ہائی وے پر صرف ایمرجنسی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔
رام بن میں کارکو حادثہ
کولگام کا ائر فورس سارجنٹ لقمہ اجل
بانہال // منگل کی صبح جموں سرینگر شاہراہ پر کار گہری کھائی میںگرنے سے انڈین ائر فورس کا ایک اہلکار جاں بحق ہوا۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی صبح رام بن کے ماروگ علاقے میں جموں سے وادی کی طرف آرہی ایک آئی 20 کار زیرنمبر JK18B/3678 کو پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ کار ماروگ کے پاس گہری کھائی میں گر گئی۔فوری طور پر پولیس اور کیو ار ٹی رام بن کے رضاکاروں نے بچاؤ کارروائیوں کا آغاز کیا لیکن تب تک اس میں واحد سوار آئر فورس ملازم سرفراز احمد بٹ ساکن کولگام کی موت ہوچکی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ سرفراز احمد انڈین آئر فورس میں سارجنٹ تھا اور ڈائریکٹوریٹ آف میکنیکل ٹرانسپورٹ آئر ہیڈکوارٹر میں تعینات تھا۔ وہ جموں سے گھر کی طرف آرہا تھا۔ رام بن پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کوورثاء کے حوالے کر دیا۔