بانہال // نیل علاقے میں تیز بارشوں اور تیز ہواوں کی وجہ سے ایک کچے مکان کی چھت دھنس جانے سے12سالہ بچی ، جو چوتھی جماعت میں زیر تعلیم تھی، لقمہ اجل بن گئی تاہم کمرے میں محوِخواب دیگر افراد خانہ معجزاتی طور بچے نکلے ۔ذرائع نے بتایا کہ الفت نور دختر منظور احمد نائیک ساکنہ سنی گام ، مدنی ہال علاقہ نیل تحصیل بانہال ضلع رام بن اپنے گھر میں دیگر افراد خانہ کے ہمراہ ساتھ سوئی ہوئی تھی کہ پیر کی صبح چار اور پانچ بجے کے درمیان مکان کی چھت اچانک دھنس گئی اور ملبہ محو خواب معصوم بچی پر آ گرا جس سے وہ موقعہ پرہی موت کے منہ میں چلی گئی۔ اسی کمرے میں سوئی ہوئی ایک سالہ بہن مرثینہ اور دیگر افرادِ خانہ بال بال بچ نکلے۔ پولیس رام سو نے بتایا کہ علاقے میں اس سے پہلے شدید بارش ہوئی تھی اور اسی وجہ سے مکان کی چھت دھنس کر اس بچی کی موت کا باعث بنی۔الفت نور کی لاش کو مقامی لوگوں کی مدد سے ملبے کے نیچے سے برآمد کیا گیا لیکن تب تک یہ لڑکی موت کی ابدی نیند سوچکی تھی۔ اس واقع کی وجہ سے پورا علاقہ سکتے میں آگیا ہے اور لوگوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ اس بچی کو بعد میں پر نم انکھوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔