سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمدساگر نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے ہرحال میں جموں کشمیرکے لوگوں کے مفادات کاتحفظ کیا ہے اور اس جماعت کاہر رکن یہاں کے تینوں خطوں کودرپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کمربستہ ہے۔ایک بیان کے مطابق پارٹی صدردفتر پر سرینگرضلع کے حلقہ انتخابات کے انچارجوں اور بلاک صدور کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا جموں کشمیرکے عوام اس وقت ایک نازک دور سے گزررہے ہیں اوران حالات میں نیشنل کانفرنس اور اس کے ورکروں کارول انتہائی اہم ہے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ تنظیمی انتخابات میں ایسے افراد کو آگے لائیں جو باصلاحیت اور عوام دوست ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی اُمیدوں پر کھرا اُتر سکیں اور جو خود کو ہر حال میں عوام کیلئے وقف رکھ سکیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ2015سے مسلسل گرد آب میں پھنسے ہوئے ہیں خصوصاً گذشتہ دوبرس سے تینوں خطوں کے لوگ غیر یقینیت اور بے چینی کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اس صورتحال سے عوام کو نکالنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور نیشنل کانفرنس لوگوں کے مفادات، احساسات اور جذبات کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نیشنل کانفرنس کو سیسہ پلائی دیوار بنانا ہے تاکہ یہ جماعت ہر حال میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرسکے۔ ناصر نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کا اہم رول ہے اور ہمیں پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچانا ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ٹریجرر شمی اوبرائے، سینئر لیڈران حاجی مبارک گل، محمد سعید آخون، عرفان احمد شاہ، شمیمہ فردوس، تنویر صادق، پیر آفاق احمد، سلمان علی ساگر، عمران نبی ڈار، احسان پردیسی، جگدیش سنگھ آزاد، صبیہ قادری، یونس گل، مدثر شہمیری، اور عفرا جان کے علاوہ دیگر ضلع سرینگر کے 11بلاک صدور اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔