سرینگر// نیشنل کانفرنس نے سپریم کورٹ میںدفعہ 35 اے کے دفاع کے لئے ملک کے نامور اور ممتاز قانون دان گوپال سبرامنیم کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ( ایم پی ) نے گزشتہ روز دہلیمیں دفعہ 35 اے کے دفاع کے لئے پارٹی کی جانب سے مذکورہ قانون دان کی خدمات حاصل کیں ۔اس سلسلے میں کل رات دیر تک ممتاز وکلاء کی ایک ٹیم کے ساتھ بھی کافی دیر تک صلاح ومشورہ اور قانونی خدمات کے سلسلے میں گفت و شنید ہوئی ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ماہر قانون دان گوپال سبرامنیم اور ان کے ساتھی وکلاء کو 35 اے کی افادیت اور اہمیت کی جانکاری بھی دی ۔اس موقع پر صوبائی صدرکشمیر اور سابق وزیر ناصر اسلم وانی اور صدر صوبہ جموں و ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ 31 اگست کو عدالت عظمیٰ میں بذات خود شری سبرامنیم پارٹی کی طرف دفعہ35اے کا دفاع کرنے کے لئے اپنی قانونی خدمات انجام دیں گے ۔ ڈاکٹر عبداللہ نے وکلاء کو35 اے اور 370 کے پس منظر سے باخبرکیا اور اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کے تحت ہی مرکز کے ساتھ ریاست نے رشتہ جوڑا تھا اور ان رشتوں کی بدولت ہی ریاست کو خصوصی پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔