سرینگر//گورنر این این ووہرا نے کھیر بھوانی میلے کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ یہ میلہ ریاست میں مذہبی رواداری اور آپسی بھائی چارے کی جیتی جاگتی مثال ہے اور کہا کہ ان اقدار کے لئے ہماری ریاست صدیوں سے مشہور ہے۔گورنر نے ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سالانہ میلہ کھیر بھوانی پر کشمیری پنڈت برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس قدیم اور تاریخی مندر کے ساتھ ہندو برادری خصوصاً پنڈت برادری کو زبردست عقیدت رہی ہے اور یہاں کے مسلمان اپنے پنڈت بھائیوں کو تمام قسم کی سہولیات دستیاب رکھنے میں کلیدی رول ادا کرتے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں تک کہ نامساعد حالات میں بھی کشمیری پنڈت برادری کے تئیں اپنے فرائض نبھاتے رہے ہیں اور پنڈتوں کو تمام تر سہولیات دستیاب رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنے دی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنڈتوں کے بغیر کشمیری عوام کسی بھی صورت میں مکمل نہیں ۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، سینئر لیڈران میاں الطاف احمد ،ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار اور سینئر لیڈر و اقلیتی سیل کے چیئرمین ایم ایل سی وجے بقایا اور سابق ایم ایل سی بھوشن لعل بھٹ نے بھی میلہ کھیر بھوانی کے تہوار پر پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔