سرینگر// نیشنل فرنٹ نے سبھی سیاسی قیدیوں ، بشمول اس کے چیئر مین نعیم خان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے ۔نیشنل فرنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نعیم خان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل چاہتے ہیں اس لئے اُن کی مسلسل اسیری سیاسی انتقام گیری کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔نیشنل فرنٹ نے نئی دلی پر زور دیا کہ وہ نعیم خان سمیت جملہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی عمل میں لاکرایک ایسا ماحول تیار کرے جس میں تنازع کے مستقل حل کی کوئی راہ نکل آئے۔ نیشنل فرنٹ نے کہا کہ اگر چہ مسلسل اسیری نے نعیم خان کی صحت کو بہت حد متاثر کیا ہے لیکن اُن کا حوصلہ ویسا ہی ہے جس کیلئے وہ جانے جاتے ہیں۔نعیم خان مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنے سیاسی مؤقف پر آج بھی چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ دن دور نہیں ہے جب وہ جیل سے باہر آکر ایک بار پھر اُس مؤقف کی ترویج جاری رکھیں گے۔