یو این آئی
نئی دہلی// حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم کے مرکزی وزیردھرمیندر پردھان نے منعقدہ ایک تقریب میں اُن اعلیٰ تعلیمی اداروں کو اعزازات سے نوازا جنہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) 2025 میں نمایاں مقامات حاصل کیے ۔ جاری ریلیز کے مطابق یہ جامعہ ہمدرد کے لیے باعثِ فخر ہے کہ اس نے فارمیسی کیٹیگری میں ہندوستان بھر میں مسلسل دوسری بار پہلا (نمبر 1) مقام حاصل کیا۔ اس سے قبل بھی جامعہ ہمدرد نے این آئی آر ایف 2024 میں فارمیسی میں اول درجہ حاصل کیا تھا۔ مجموعی طور پر، جامعہ ہمدرد نے 2016 سے اب تک سات بار فارمیسی کے شعبے میں پہلا مقام حاصل کیا ہے ، جب سے این آئی آر ایف رینکنگ کا آغاز ہوا۔ یہ درجہ بندی تدریسی و تعلیمی وسائل، تحقیق و پیشہ ورانہ سرگرمیوں، گریجویشن کے نتائج، سماجی شمولیت، رسائی اور ادارے کی عمومی ساکھ جیسے معیارات کی بنیاد پر کی جاتی ہے ۔ اس طرح، جامعہ ہمدرد نہ صرف ملک کی سرفہرست 50 یونیورسٹیوں بلکہ 100 بہترین اداروں میں بھی شامل ہے ۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ این آئی آر ایف 2025 میں مختلف زمروں کے تحت 14,163 اداروں کا جائزہ لیا گیا۔