جموں//انفورسمنٹ ڈائریکٹو ریٹ نے ہفتہ کے روز پنجاب نیشنل بنک گھوٹالہ کے کلیدی ملزم نیرو مودی کے ادہم پور میں قائم ’گیتانجلی جیمز‘ شو روم پر چھاپہ مار کر قریب2کروڑ روپے مالیت کے ہیرے ضبط کر لئے ۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ سیلاں تالاب ادہم پور میں مودی کا یہ زیورات کا شو روم تھا ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم صبح ہی وہاں پہنچی اور شو روم کے ریکارڈ کا معائینہ کیا ،جو قریب ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ تمام کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد ٹیم نے ہیرے جڑے زیورات، جن کی مالیت دو کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، اپنی تحویل میں لے لی۔ اس کے علاوہ حساب کتاب کے رجسٹر وغیرہ بھی ضبط کر کے اپنے ساتھ لئے۔ اس چھاپہ ماری کے دوران پنجاب نیشنل بنک کے افسران بھی انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ تھے ۔ اگر چہ مقامی پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز رازداری میں کی گئی اس کارروائی کے بارے میں لب کشائی سے اعتراض کر رہے ہیں تاہم ای ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ نیرو مودی، جس پر پنجاب نیشنل بنک کے ساتھ جعلسازی کر کے 11400کروڑ روپے کا گھوٹالہ کرنے کا الزام ہے، کے خلاف ملک بھر میں چلائی گئی مہم کا ایک حصہ ہے ۔اس سے قبل انکم ٹیکس محکمہ نے مودی کے قرابت داروں اور فرموں کے نام پر بنائی گئی 29جائیدادیں اور 105بنک کھاتے سیل کر دئیے ہیں جب کہ اس کے خلاف نئے کالا دھن قانون کے تحت بھی کارروائی کی جا رہی ہے ، تاہم مودی اور اس معاملہ کے دیگر کلیدی ملزمان ماہ جنوری میں ہی ہندوستان چھوڑ کر جا چکے ہیں۔