سرینگر//بازاروں میں پانی کی نکاسی،گاڑیوں کی پارکنگ اور اسٹرئٹ لاٹس کو نصب کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر شفیع سے ملاقات کی،جس کے دوران انہیں موسم گرما کے پیش نظر اور سیاحوں کی بڑے پیمانے پر متوقع آمد کے سلسلے میں فوری طور پر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد نے جمعہ کو ایس ایم سی کمشنر سے میٹنگ کی،جس کے دوران انہیں اس بات سے آگاہ کیا کہ معمولی بارشوں کے نتیجے میں بازار جھیلوں اور تالابوں کا رخ اختیار کرتے ہیں۔ شہدار نے حالیہ بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن کو آگاہ کیا کہ پائین شہر اور سیول لائنز علاقوں مین درجنوں بازار پانی میں غرقاب ہوئے اور تاجروں کو کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے بازاروں میں اسٹریت لائٹوں کو نصب کرنے اور انکی مرمت کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ شام کے وقت خریداروں کو اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی سے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وفد نے بازاروں میں پارکنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پارکنگ مقامات کی عدم دستیابی سے جہاں دکانداروں کو خمیازہ اٹھانا پڑ رہا ہے،وہیں خریدو فروخت میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔ تاجروں نے مطالابہ کیا کہ شہر میں بازاروں میں ان مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں پر خریدار، اپنی گاڑیوں کو کھڑا کرسکتے ہیں ۔بازاروں اور فٹ پاتھوں پر ٹائلوں کو لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہدار نے کہا کہ فوری طور پر فٹ پاتھوں کی مرمت کی جانی چاہے۔انہوں نے کہا کہ اب موسم گرما دستک دے رہا ہے اور رواں موسم میں بڑے پیمانے پر سیاحوں کی آمد بھی متوقع ہے،اس کو مد نظر رکھتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن اپنی ذمہ داری کا بھر پور احساس کرتے ہوئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے۔میٹنگ کے دوران سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے تاجروں کویقین دہانی کرائی کہ جائز مطالبات کو ترجیجی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔