سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ ،پردیش کانگریس اور بھاجپا نے نوگام حملے میں پولیس اہلکار کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اس حملے کی مذمت کرتی ہے، مہذب اقوام میں اس قسم کے واقعات کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مارے گئے اہلکار کے لواحقین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کی اور دعا کی کہ اللہ انہیں صبر جمیل عطا کرے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔ ادھر پردیش کانگریس کمیٹی نے ایک بیان میںبھاجپا لیڈر کے پی ایس او رمیض راجہ کو مارے جانے کو ایک بزدلانہ اور شرمناک واقعہ قرار دیا۔پارٹی نے کشمیر میںجنگجویانہ حملوں میں اضافہ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ بیوقوفانہ حملوں کو روکنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ مزید انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو۔ پارٹی نے انسانی جانوں کے اتلاف پر زبردست تشویش کااظہار کرتے ہوئے مرحوم رمیض راجہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔