عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بہار کا ایک 45 سالہ شخص اتوار کو دیر رات نوگام سری نگر بائی پاس پر گاڑی کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اس شخص کی شناخت بہار کے سکھادی راوت کے طور پر کی گئی ہے جو اس وقت راجباغ سری نگر میں مقیم تھا، مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس اسٹیشن نوگام کی ایک پولیس پارٹی نے اسے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لایا۔ ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھر وسطی کشمیر کے چترگام علاقے میں سوتھسو کلاں میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد4 افراد کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کو سی ایچ سی چھترگام سے ریفر کیا گیا جب ایک بولیرو گاڑی بجلی کمبے سے ٹکرا گئی۔ زخمیوں میں آئی سی ڈی ایس کے ڈپٹی ڈائریکٹر فیاض احمد بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ایک اور زخمی کی شناخت محمد شفیع کے نام سے ہوئی ہے ۔2 دیگر مشتاق احمد ولد عبدالعزیز بٹ ساکنہ پریگام اور سجاد احمد ولد عبدالرشید بٹ پلوامہ کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کی طبی ٹیموں نے بتایا کہ چاروں کا علاج چل رہا ہے ۔ادھرہندوارہ کے نوگام سے تعلق رکھنے والے ایک کنبے کے 12 افراد کو اتوار کی رات ہسپتال میں داخل کرایا گیا جب وہ مبینہ طور پر زہریلا کھانے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے۔حکام کے مطابق، خاندان کے افراد رات کے وقت ہوش کھو بیٹھے اور انہیں فوری طور پر قریبی صحت مرکز، این ٹی پی ایچ سی منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی علاج کے بعد، تمام 12 افراد کو خصوصی طبی دیکھ بھال کے لیے جی ایم سی ہندواڑہ ریفر کیا گیا۔جی ایم سی ہندوارہ کے اسپتال کے حکام نے بتایا کہ مذکورہ کنبے نے گھر میں جنگلی سبزی پکائی تھی جس کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوئی۔ہسپتال میں تمام متاثرہ افراد کی حالت مستحکم ہے اور ان کا ضروری علاج کیا جا رہا ہے۔حکام نے مشتبہ خوراک کی آلودگی کے ذرائع کا تعین کرنے کے لیے انکوائری شروع کر دی ہے۔