عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہاکہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے باہر کے لوگوں کو نوکریاں فراہم کی گئیں نیز ٹھیکیدار بھی باہر سے لائے گئے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹرہ میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سرکار کو اس وقت بہت سارے چیلنجوں کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ پانچ برسوں سے یہاں پر کچھ نہیں کیا گیا۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ حیرانگی اس بات کی ہے کہ جموں وکشمیر میں لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بیکار ہیں اور نوکریاں باہر کے لوگوں میں تقسیم کی گئیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ تعمیر وترقی کے کام بھی باہر کے ٹھیکیداروں کو دئے گئے جیسے یہاں پر کوئی ٹھیکیدار ہی نہیں ہے۔فاروق عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری نوکریوں پر جموں وکشمیر کے نوجوانوں کا حق ہے اور ہم اس حق کو چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہاکہ کٹرا میں روپ وے پروجیکٹ کے خلاف یہاں کے لوگوں نے احتجاج کیا اور ایل جی انتظامیہ نے اس پروجیکٹ پر کام روک دیا۔انہوں نے کہاکہ عوام طاقت کا سر چشمہ ہے لہذا لوگوں کو پر امن طریقے سے اپنی جائز مانگوں کی خاطراپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بجھن بھی گایا اور ’تو نے مجھے بلایا شیرا والیے، میں آیا میں آیا شیروالیے ‘ کا گانا گا کر سامعین کو محذوز کیا۔ فاروق عبداللہ کا یہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائل ہے۔اس سے قبل شیر کشمیر بھون جموںمیں پارٹی کی ایس سی ونگ کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں تک پہنچنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس اہم کردار پر روشنی ڈالی جو پارٹی کے کارکنان پارٹی اور عام لوگوں کے درمیان ایک کڑی کے طور پر ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر فاروق نے نوجوان لڑکیوں کی تعلیمی اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کی اہمیت پر بھی بات کی۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہماری بیٹیاں اور بہنیں صحت مند اور اچھی پرورش نہیں رکھتیں تو وہ زچگی اور شادی کی ذمہ داریاں کیسے نبھا سکتی ہیں۔ڈاکٹر فاروق نے کہا”اس سے پہلے کہ ہم اپنے علاقے کی مؤثر طریقے سے خدمت کر سکیں ہمارے لئے اپنے خاندانوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔آئیے ہم سب اپنی نوجوان لڑکیوں کی نشوونما اور ترقی میں تعاون کرنے کا عہد کریں، کیونکہ وہ انہیں ہی مستقبل کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ نیشنل کانفرنس نے قانون ساز کونسلوں میں درج فہرست ذات برادری کی نمائندگی کو مسلسل ترجیح دی ہے۔یہ ہمارا غیر متزلزل عزم ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت اور مقننہ میں مناسب نمائندگی دی جائے۔عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت نے جموں خطے کے لئے دو اہم کابینہ کے عہدے مختص کئے ہیں۔نیشنل کانفرنس کی طرف سے وقتاً فوقتاً نافذ کردہ ترقی پسند اور جامع پالیسیوں کی بدولت جموں میں ہمارے درج فہرست ذات کے بھائیوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت ملک کے دیگر حصوں میں ان کے ہم منصبوں سے خاصی بہتر ہے۔ہماری پارٹی کا بنیادی مقصد معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا اور اس بات کی ضمانت دینا ہے کہ ذات، عقیدہ، علاقہ، مذہب یا سیاسی وابستگی سے قطع نظر ترقی کے ثمرات ہر گھر تک پہنچیں ۔