سرینگر //نوپورہ صفا کدل میںنکا سی آب کیلئے بنائی گئی پانی کی ایک نالی طویل عرصے سے خستہ حال ہے جس کے نتیجے میں گندہ پانی لوگوں کے صحنوں میں داخل ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نوپورہ صفا کدل نزدیک پاور گرڈ سٹیشن زاڑی مسجد نوپورہ میں نالی کا گندہ پانی لوگوں کے صحنوںمیں داخل ہورہا ہے جس کے سبب لوگ انتہائی پریشانی میں مبتلا ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ اس سلسلے میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کی نوٹس میں معاملہ لایالیکن اس سلسلے میں کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔فاروق احمد نامی ایک شہری کے مطابق نالی میں نصب پائپ کافی چھوٹی ہے اور یہی وجہ ہے کہ نالی بلاک ہونے سے پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آنے والے دنوں میں نالی کی مرمت نہ کی گئی تو بارشوں اور برفباری سے یہ مزید خستہ حال ہو کر لوگوں کیلئے دردسر بنے گی ۔انہوں نے میونسپل حکام سے اپیل کی ہے کہ نالی کی مرمت کر کے لوگوں کی مشکلات کا ازلہ کیا جائے تاکہ سرما کے دوران انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ نے جب مونسپل کمشنر سرینگر ریاض احمد وانی سے بات کی تو انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ایک سپیشل ٹیم علاقے میں روانہ کریں گے اورمعاملہ کو بہت جلد حل کیاجائے گا۔