متھر// زرعی قوانین کے مسئلہ پر مرکزی حکومت زبردست عوامی احتجاج کا سامنا کر رہی ہے اور حزب اختلاف نے بھی پوری قوت کے ساتھ کسانوں کی حمایت کرنے اور حکومت کو ہدف تنقید بنانے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے منگل کے روز متھرا کے پالی کھیڑا میں منعقد کسانوں کی ایک مہاپنچایت سے خطاب کیا۔ پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صرف متکبر ہی نہیں بلکہ بزدل بھی ہیں۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کسانوں سے کہتے ہیں کہ اپوزیشن کسانوں کو گمراہ کر رہی ہے لیکن کیا حکومت نے کسی ایک بھی کسان سے بات کی؟ ان قوانین کو کسانوں کے ذریعہ نہیں بلکہ نوٹوں کی کاشت کرنے والوں کے ذریعہ بنایا گیا ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر گزشتہ حکومت نے کچھ نہیں بنایا تو پھر آپ بیچ کیا رہے ہیں؟ آپ کی حکومت نے صرف نوٹ بندی کی ہے اور جی ایس ٹی متعارف کرایا ہے، جس سے عوام پریشان ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اعلان کیا کہ جب تک تینوں زرعی قوانین واپس نہیں ہوں گے اس وقت تک کسانوں کی لڑائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی حکومت قائم ہونے کے ساتھ ہی ان قوانین کو منسوخ کر دیا جائے گا۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی ایل آئی سی کے علاوہ بہت سی کمپنیاں فروخت کر رہی ہے۔