اشتیاق ملک
ڈوڈہ//وادی چناب میں گذشتہ سال کے ماہ جنوری سے نومبر تک سڑک حادثات کے 570 واقعات رونما ہوئے جن میں 112 لوگوں کی موت واقع ہوئی جبکہ 739 افراد زخمی ہوئے۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 کے ماہ نومبر تک ڈوڈہ ضلع میں 227،کشتواڑ میں 96 و رام بن میں 247 سڑک حادثات پیش آئے جس میں ڈوڈہ ضلع میں 40 ،کشتواڑ میں 33 و رام بن میں 39 افراد لقمہ اجل بن گئے اور 265(ڈوڈہ) ،129(کشتواڑ) و رام بن میں 345 افراد زخمی ہوئے۔تاہم ماہ دسمبر میں ہوئے حادثات کی تفصیلات کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وادی چناب میں آئے روز سڑک حادثات کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور سرکاری سطح پر ان حادثات کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے سیول سوسائٹی حکام کی عدم توجہی پر سخت ناراض ہے۔ادھر گذشتہ دنوں جموں و کشمیر لداخ ہائی کورٹ نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ان حادثات کی وجوہات کا پتہ لگانے اور اگلی شنوائی تک یا اس سے پہلے ایکشن ٹیکن رپورٹ جمع کرنے کی یوٹی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے جس پر ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔