رمیش کیسر
نوشہرہ//سرحدی گاؤں کلائی دبڑ کے عوام گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے پانی کی سپلائی نہایت کم دی جا رہی ہے، جس سے ان کی روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔گاؤں کے مکینوں کے مطابق پانی کی سپلائی صرف مہینے میں دو یا تین بار فراہم کی جاتی ہے، اور وہ بھی محض 10 سے 15 منٹ کے لئے پانی سپلائی کیاجاتا ہے۔ یہ قلت گاؤں کے سینکڑوں گھروں کو مشکلات سے دوچار کر رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے کئی بار محکمہ کے ملازمین کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کیا، مگر اب تک کوئی خاطرخواہ اقدام نہیں کیا گیا۔گاؤں کے ایک باشندے نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہمیں ایک ماہ سے صاف پانی میسر نہیں۔ مہینے میں صرف دو بار پانی ملنا کافی نہیں۔ ہمارے بچے اور بزرگ اس کمی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں‘۔گاؤں کی خواتین نے بھی پانی کے حصول کے لئے طویل مسافت طے کرنے کی پریشانی کا ذکر کیا۔ ایک خاتون کا کہنا تھاکہ ’’ہم دور دراز علاقوں سے پانی بھرنے پر مجبور ہیں، جو نہ صرف تھکا دینے والا ہے بلکہ صحت کے لئے بھی خطرناک ہو سکتا ہے‘۔اس معاملے پر جب محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ’’ہم اس مسئلے کی تحقیقات کریں گے کہ کلائی دبوڑا میں پانی کی سپلائی کیوں متاثر ہے۔ عوام کو متواتر پانی فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے‘‘۔