رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے بریری گائوں میں پینے کے صاف پانی کی بحرانی صورتحال پید ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وسیع آبادی شدید گرمی کے دوران کئی طرح کے مسائل کا شکار ہو چکی ہے ۔مقامی معززین نے انتظامیہ بالخصوص محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آزاد ی سے لے کر آج تک عوام کو بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ کی وسیع آبادی پینے کے صاف پانے کیلئے قدرتی چشموں پر انحصار کررہی ہے جبکہ علاقہ کی عوام بالخصوص خواتین میلوں سفر طے کر کے قدرتی چشموں پر پانی کیلئے انتظار کرتے ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ و انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کا زیادہ تر وقت ان چشموں پر ضائع ہو جاتا ہے جبکہ محکمہ پانی کی دستیابی کیلئے بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہے ۔علاقہ کی خواتین نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے محکمہ جل شکتی کو فنڈز جاری کئے جاتے ہیں لیکن محکمہ کے آفیسران کی مبینہ رشوت خوری اور لاپرواہی کی وجہ سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے میلوں سفر طے کر کے گھریلو استعمال کیلئے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔علاقہ مکینوں و خواتین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ گائوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ سہولیات کی فراہمی کے نام پر خرچ ہوئے رقم کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں ۔