رمیش کیسر
نوشہرہ// نوشہرہ کے عوام نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سب ڈویژن نوشہرہ کے مختلف سرکاری محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو جلد از جلد پْر کیا جائے تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں اور ان کے کام متاثر نہ ہوں۔نوشہرہ کے معززین کا کہنا ہے کہ علاقے کے متعدد سرکاری دفاتر میں ملازمین کی کمی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان دفاتر میں زیادہ تر کام عارضی ملازمین کے ذریعے انجام دئیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے سرکاری خدمات میں تاخیر اور غیر تسلی بخش کارکردگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایچ ای میں خالی اسامیاں سب سے زیادہ ہیں۔ ایک جونیئر انجینئر کو پانچ سے چھ پنچایتوں کی ذمہ داری دی گئی ہے، جو ان کے لئے انتہائی مشکل ہے۔ یہی صورت حال دیگر محکموں جیسے محکمہ سماجی بہبود، پی ڈبلیو ڈی، زراعت اور دیگر سرکاری اداروں کی بھی ہے، جہاں کئی سالوں سے خالی اسامیوں کو نہیں بھرا گیا۔جگدیش چندر سہانی اور سبھاش کپور نے کہا کہ نوشہرہ کے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی شدید کمی کی وجہ سے عوام کو صحت کی سہولیات تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہسپتال میں مستقل ڈاکٹروں اور عملے کی عدم موجودگی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے، اور وہ نجی ہسپتالوںپر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔عوام نے نشاندہی کی کہ سرکاری دفاتر میں کام نہ ہونے کے باعث عوامی درخواستیں اور مسائل طویل عرصے سے زیر التوا ہیں۔ خالی اسامیوں کی وجہ سے عوام کے اہم معاملات حل ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے، جو کہ عوام کے لئے ناقابل قبول ہے۔معززین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ کے مختلف سرکاری محکموں میں خالی پڑی ہوئی اسامیوں کو فوری طور پر پْر کیا جائے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں اور سرکاری خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔عوام کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی تعیناتی سے نہ صرف خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان مسائل پر توجہ دے گی اور جلد عملی اقدامات کرے گی۔