رمیش کیسر
نوشہرہ//بین الاقوامی یومِ نسواں کے موقع پر نوشہرہ کے سرکاری ڈاک بنگلہ میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) بابو رام ٹنڈن، تحصیلدار رام پال شرما اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔تقریب میں انگن واڑی ورکرز، آشا ورکرز اور بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن نے تمام خواتین کو یومِ نسواں کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں خواتین ہر میدان میں مردوں سے آگے نکل چکی ہیں، چاہے وہ تعلیم کا شعبہ ہو، فوج، پولیس یا نیم فوجی دستے، خواتین ہر جگہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو یہ مقام تعلیم کے باعث حاصل ہو رہا ہے۔ ماضی میں بچیوں کو تعلیم دلوانے کا رجحان کم تھا، لیکن آج والدین اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دے کر انہیں نمایاں عہدوں پر فائز کر رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی اور یومِ نسواں کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔تقریب میں تحصیلدار نوشہرہ رام پال شرما سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔