راجوری //نوشہرہ حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے جس دوران اگر چہ کوئی جانی نقصان نہیں ہواالبتہ مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق اتوار کی شام لام ، پکھرنی ، سریا ہ ، کھمبا اور جھنگڑ سیکٹروں میں پاکستانی فوج کی طرف سے شدید فائرنگ اور گولہ باری کی گئی اور اس دوران بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں اور دیہی علاقوں کو نشانہ بنایاگیا ۔ ذرائع نے بتایاکہ فائرنگ کا سلسلہ شام ساڑھے چار بجے شروع ہو اجو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔مقامی ذرائع کاکہناہے کہ نوشہرہ کے تمام سیکٹروں میں گن گرج کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور لوگ سہمے ہوئے ہیں ۔ اگرچہ تاز ہ فائرنگ اور گولہ باری سے کوئی جانی نقصان نہیںہوا لیکن حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں ۔