رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ بازار کی وارڈ نمبر چار میں گزشتہ رات چوری کی سنسنی خیز واردات پیش آئی، جہاں ایک ہی رات میں تین گھروں کو نامعلوم چوروں نے نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق چوروں نے رات کے اندھیرے میں گھروں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان اور قیمتی اشیاء چوری کر لیں۔پولیس نے بتایا کہ جن گھروں میں چوری ہوئی ہے، ان میں صبحش چندر سمیت دو دیگر مقامی شہریوں کے مکانات شامل ہیں۔ واقعہ کے وقت تمام متاثرہ گھروں میں کوئی بھی فرد موجود نہیں تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور باآسانی گھروں میں داخل ہوگئے اور سامان لے کر فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوراً تفتیش کا عمل شروع کر دیا۔ پولیس ٹیم نے گھروں کا معائنہ کر کے اہم شواہد اکٹھے کئے، جن میں فنگر پرنٹس، فٹ پرنٹس اور مختلف مقامات کی ابتدائی تصاویر شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق شواہد کی بنیاد پر چوروں تک پہنچنے کے لئے تحقیقات تیزی سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق اس علاقے میں اس نوعیت کی واردات کم ہی وقوع پذیر ہوتی ہیں، جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے۔ لوگوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں شبانہ گشت بڑھایا جائے اور چوروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت کارروائی کی جائے۔پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تکنیکی ثبوتوں اور دستیاب اطلاعات کی روشنی میں ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور بہت جلد چور قانون کی گرفت میں ہوں گے۔