عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//سابقہ وزیر اور ادھم پور لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار چوہدری لال سنگھ نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بڑھتی ہوئی بے روز گاری کے دوران حکومت کے پاس نوجوانوں کے محفوظ کیر ئیر کیلئے کوئی پالیس نہیں ہے ۔پارلیمانی حلقہ کے بالپڈ، خون، دھیما، بٹل، مانوال، درسو، روون دومیل، بٹل بالیان اور ٹکری میں سلسلہ وار میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لال سنگھ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی طرف سے پچھلے دس سالوں کے دوران ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کا نہ تو کوئی ویژن تھا اور نہ ہی کوئی منصوبہ جسکی وجہ سے نوجوانوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے نوجوان جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈمیں فارم بھرتے ہیں اورامتحان کے انعقاد کے لئے برسوں انتظار کرتے ہیں تاہم امتحان کے انعقاد کے بعد اسے منسوخ کر دیا جاتا ہے ۔انہوں کہا کہ جے کے ایس ایس بی نے بلیک لسٹڈ کمپنیوں کو جموں و کشمیر میں امتحان کے انعقاد کے لئے تعینات کیا جبکہ بے قاعدگی سے ہونے والی بھرتیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لاکھوں نوجوان اپنی جوانی کے دن مخمصے میں برباد کر رہے ہیں۔موصوف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے پاس ان کے محفوظ کیریئر کو یقینی بنانے کے لئے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں ہے۔ چوہدری لال سنگھ نے اْدم پور کٹھوعہ اور پوری ریاست کے مسائل پر مبینہ لاپرواہی کو لے کرموجودہ رکن پارلیمنٹ کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ خاص طور پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے جو اپنے مطالبات کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت ایسے بے حس ہے جیسے ہزاروں افراد پر مشتمل اس طبقے سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔