عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے پُرعزم ہے اور اِس مقصد کے لئے ایک جامع پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت جدید اور مارکیٹ پر مبنی تکنیکی کورسز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اِس سے نوجوان خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں گے اور دوسروں کے لئے بھی روزگار کے ذرائع فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔ اُنہوںنے گورنمنٹ اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ (آئی ٹی آئی) اور گورنمنٹ پولی تکنیک فار وومن اکھنور روڈ جموں کا تفصیلی دورہ کیا اور طلباء سے گفت و شنید کی۔ اُن کے ہمراہ اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران بھی تھے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو درپیش چیلنجوں سے بخوبی واقف ہے اور اِس حوالے سے متعدد سکیمیں شروع کی گئی ہیں تاکہ اُنہیں معاشی اور سماجی طور پر بااِختیار بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو منفی رُجحانات اور منشیات سے دُور رہنے اور اَپنی توانائیاں ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے میں صرف کرنے کی تلقین کی۔اُنہوں نے مختلف شعبوں میں کورس کرنے والے طلبأ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائینہ کیا اور اِداروں کی فیکلٹی کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں لیبارٹریوں ، ورکشاپوں ، لائبریری ، ہوسٹل اور دیگر متعلقہ سہولیات جیسے کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سریندر کمار چودھری نے انفراسٹرکچر پر جاری کاموں کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ان اثاثوں کی جلد تعمیر کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ تعمیرات میں معیاری مواد کے استعمال اور طے شدہ مدت کے اندر کام مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو مزید بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔