اسلام آباد//سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کی مدت سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔ جس کے تحت اس آئینی شق کی زد میں آنے والے تمام افراد تاحیات نااہل ہیں، عدالتی فیصلہ متفقہ ہے ۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 62 ون ایف امیدوار کی اہلیت جانچنے کے لئے ہے، اس میں نااہلی کی معیاد کا ذکر نہیں، اسے آئین کے دیگر آرٹیکلز کے ساتھ ملا کر نہیں پڑھا جا سکتا، عدالتی فیصلے میں کہاگیا ہے جو شخص صادق اور امین نہ ہو اسے آئین تاحیات نااہل قرار دیتا ہے، اس لیے جب تک عدالتی ڈکلریشن موجود ہے، نااہلی رہے گی۔