حسین محتشم
پونچھ//جامع تعلیم، سماگرا شکشا (2024-25) کے تحت خصوصی ضروریات والے بچوں کے لئے ایک ماحولیاتی تعمیراتی پروگرام (سی ڈبلیو ایس این) زونل ایجوکیشن آفیسر ننگالی کے ذریعے منعقد ہوا۔اس تقریب میں سی ڈبلیو ایس این بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس تقریب کا مقصد عوام میں بیداری پیدا کرنا اور جامع تعلیم کو فروغ دینا تھا۔اس موقعہ پر موجود مقررین، بشمول سودا بیدم (ڈسٹرکٹ کورس کوآرڈینیٹر (سی ڈبلیو ایس این)، مشتاق احمد ٹیچر، سجاد احمد، اور شہزاد احمد ٹیچر، نے جامع تعلیم کی اہمیت پر اپنی بصیرت کا اظہار کیا۔انہوں نے اساتذہ اور والدین کو سی ڈبلیو ایس این بچوں کی ضروریات اور حقوق کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کی مجموعی ترقی پر زور دیا۔زونل ایجوکیشن آفیسر ننگالی محفوظ بیگم نے اظہار تشکر کیا، اور ان بچوں کی ترقی اور مرکزی دھارے میں لانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پروگرام کی میزبانی زونل نوڈل آفیسر سجاد احمد نے کی، جنہوں نے سی ڈبلیو ایس این بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے دستیاب مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ تمام بچوں کے لیے یکساں تعلیمی مواقع کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یہ تقریب آگاہی پیدا کرنے اور ایک جامع تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تھا۔ زونل ایجوکیشن آفس کی جانب سے پروگرام میں موجود ان بچوں میں بیگز، نوٹ بک، قلم تقسیم کیے گئے۔