کپوارہ /ہندوارہ کے مضافاتی گائو ں بٹہ گنڈ میں نقلی ادویات تیارکرنے والے گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے محکمہ ڈرگ کنٹرول کی ٹیم نے لاکھوں روپے مالیت کی آیورویدک دوائیاں اورمشینری ضبط کرلی جبکہ فیکٹری کے مالک کوموقع پر ہی گرفتارکیاگیا۔محکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ انسانی زندگیوں سے کھلواڑکرنے والے مزیدقصور وارو ں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائیگا ۔اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر شمالی کشمیر بصیر احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کی ایک خصوصی ٹیم نے بٹہ گنڈ ہندوارہ میں آیور ویدک ادویات تیار کرنے والے یونٹ پر منگل کو چھا پہ ڈالا اور نقلی ادویات تیارکرنے والے گروہ کاپردہ فاش کرکے اس کے مالک کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا ۔اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر نے مزید بتا یا کہ یہ کارروائی ڈرگ کنٹرولر کشمیر کی ہدایت پر کی گئی اور بٹہ گنڈ ہندوارہ میںنقلی ادویات تیارکرنے والے یونٹ پرچھاپہ ڈالکریہاں تیارکی گئی لاکھوں روپے مالیت کی نقلی آیورویدک ادویات اور مشینری بھی ضبط کرلی گئی۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ ڈرگ کنٹرول کی ٹیم میں شامل ماہرین ادویات یہ دیکھ کرحیران ہوئے کہ مزکورہ یونٹ کے مالک نے 2سو سے زائد مکانات اور 2ہزار کے نفوس والے اس دوراُفتادہ گائوں میں کیسے چورے چھپے آیورویدک ادویات تیارکرنے کایونٹ کھول رکھاہے جو انسانی جانوں کے لئے خطر ناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ نقلی ادویات تیارکرکے انسانی زندگیوں سے کھلواڑ کے مرتکب اس گروہ میں مزیدکئی افرادکے شامل اورملوث ہونے کاشبہ ظاہرکرتے ہوئے بتایاگیا ہے کہ اس اسکنڈل میں شامل مزیدکچھ افرادکی گر فتاری ممکن ہے تاکہ قصور وارو ں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے ۔