سوپور//قصبہ سوپور میں آئے روز نقب زنی کی وارداتوں کا اضافہ بڑھتا جارہا ہے۔ ایک تازہ واردات کے دوران گزشتہ رات کے دوران مین بازار نزدیک جامع پل محمد شفیع چنگال کی کریانہ ہول سیل دوکان میں نقب زنوںنے لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اڑا لیا۔ محمد شفیع نے بتایا کہ اس کی دوکان سے تیل کے 75 بڑے ٹن، بڑی الائچی، چھوٹی الائچی ، زعفران، خشک میوہ اور دیگر مصالہ جات کو نقب زنوں نے اڑالیا جس کی مالیت لاکھوں ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔ادھر سنیچر کے روز ہندواڑہ پولیس نے چوری کی ایک واردات میں ملوث شخص کی گرفتاری عمل میں لاکر اُس کے قبضے سے مالہ مسروقہ برآمدکیا گیا۔ ایس ایس پی ہندواڑہ غلام جیلانی وانی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن ویلگام کی قیادت میں پولیس پارٹی نے کئی مقامات پر چھاپے ڈالے اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کی ۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ محمد دانش زرگرساکن ٹکر کپواڑہ چوری کی اس واردات میں ملوث ہے۔ گرفتار کئے گئے شخص سے موبائل فون، چارجر ، بلیو ٹتھ ائیر فون ، میموری کارڈ ، کپڑا اوردیگر سازو سامان برآمد کیا گیا ۔