سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے سرینگر میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے کاموں کی تکمیل کے دوران یہاں کی جمالیاتی اور ثقافتی قدروں کو ملحوظ نظر رکھنے پر زور دیا۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی آسیہ نقاش، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، ناظم سیاحت ، کمشنر ایس ایم سی، وی سی لاوڈا اور چیف انجنئیر آر اینڈ بی اور پی ایچ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران مختلف پروجیکٹوں بشمول جہانگیر چوک فلائی اؤر، مہجور نگر پُل، گریڈ سیپریٹر، میٹرنٹی ہسپتال اور دیگر پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کے دوران سرینگر کی جمالیاتی اور ثقافتی قدروں کو ملحوظ نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ وزیر موصوف نے سڑکوں پر ناجائیز تعمیرات اور غیر قانونی چھاپڑی فروشوں کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم کشمیر میں صفائی ستھرائی اور شجرکاری پر ٹھوس توجہ مبذول کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے مختلف محکموں کی طرف سے سڑکوں اور دیگر اہم مقامات پر پودے لگائے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ اچھن علاقے میں بھی10000 پیڑ لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ علاقوں میں بھی تمام اہم سڑکوں پر پودے لگائے جارہے ہیں۔نعیم اختر نے کہا کہ زیر تعمیر فلائی اؤر کے نیچے جگہ کو مناسب مقاصد کے لئے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹی آر سی گریڈ سیپریٹر اور مہجور نگر پُل کی تعمیر کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا کہ ٹریفک رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔تعمیرات عامہ کے وزیر نے آنے والے ٹی اے اے آئی کنونشن کے لئے کی جارہی تیاریوں کا بھی جائیزہ لیا۔