سرینگر// آئی جی پی سی آر پی ایف ذوالفقار حسن نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ آئی جی پی نے گورنر کو سی آر پی ایف کے رول اور ذمہ داریوں سے باخبر کیا۔گورنر نے ذوالفقار حسن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے آئی جی پی کے افسران اور عملے کی بھی تعریف کی جو مشکل حالات میں اپنے فرائض منصبی دلیری اور ہمت سے انجام دے رہے ہیں۔اس دوران تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے راج بھون میںگورنر این این ووہراکے ساتھ ملاقات کی۔ گورنر اور نعیم اختر نے ریاست میں امن کی بحالی اور اقتصادی ترقی میں تیزی لانے جیسے معاملات پر غور وخوض کیا۔دریں اثناء وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر پروفیسر نذیر احمد آج راج بھون میں گورنر اور یونیورسٹی کے چانسلر این این ووہرا سے ملاقی ہوئے۔ پروفیسر نذیر احمد نے پچھلے چند مہینوں کے دوران یونیورسٹی میں حاصل کامیابیوں کی تفصیلات سے گورنر کو جانکاری دی۔پروفیسر احمد نے گورنر کو مطلع کیا کہ فکیلٹی آف فارسٹری بینہامہ کو ایکری ڈیشن بورڈ آف انڈین کونسل آف فارسٹری ریسرچ اینڈ ایجوکیشن دہرہ دُن نے پانچ سال کے لئے ایکریڈائٹ کیا ہے اور9 اساتذہ کو آئی سی اے آر کی طرف سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کے لئے چُنا گیا ہے۔یونیورسٹی کو19 پروجیکٹوں کو چلانے کے لئے منظوری دی گئی ہے جن پر9.36 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔وی سی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے گورنر نے ٹیچنگ پروگراموں میں بہتری لانے اور تمام تحقیقی پروجیکٹوں سے مفید نتائج حاصل کرنے پر زور دیا۔