نعتِ شریفﷺ
ذکرِ احمدؐ ہے اگر وردِ ثمینہ میرا
دل میں اللہ کی الفت ہو خزینہ میرا
نعت گوئی نے وہ معراج عطا کی مجھ کو
فرش سے عرش تلک نور ہے زینہ میرا
آپؐ کا عشق بسا لوں جو مسامِ جاں میں
مشک و عنبر سا مہک جائے پسینہ میرا
میرا ایمان خدا پر ہو انگوٹھی جیسا
عشقِ احمدؐ ہو انگوٹھی میں نگینہ میرا
نعت گوئی میں یوں خود کو برتنا سیکھوں
آنکھ کعبہ ہو تو یہ دل ہو مدینہ میرا
لاکھ کوشاں ہیں زمانے کے طلاطم پھر بھی
ڈوبتا ہی نہیں سرکارؐ سفینہ میرا
خالقِ کل کی عنایت سے مجھے آپؐ ملے
آپؐ سے مل کے ملا مجھ کو مدینہ میرا
ہر گنہگار کی مصداقؔ تمنا ہے یہی
مجھ سے راضی رہے بس شاہِؐ مدینہ میرا
مصداقؔ اعظمی
جوماں، پھولپور، اعظم گڑھ، یو پی
موبائل نمبر؛9451431700
شانِ محمدؐ
یہ تصور کردیا ربِ جہاں نے ایک بار
جلوہ گر کِبریائی اور خُدائی آشکار
نورِ محمدؐ کو کیا پھر خلق اپنے نُور سے
دیدیا اُس نور کو ہی باعثِ خلقت قرار
نورِ محمدؐ کو مُدت تک رکھدیا پھر دَر حجاب
جِن وبشر ہو یا ملائک بس وہی عالی وقار
آدم و عیسیٰؑ و موسیٰؑ نوحِ نبیؑ ہو یا خلیلؑ
سارے نبیوں میں ہے لیکن مصطفیٰ ؐ کو افتخار
یہ زمین ہو یا فلک ہو رات دِن لوح و قلم
اُن کے ہونے کا ہے مقصد بس رُسولِؐ نامدار
قادر مطلق کو محمدؐ اِس قدر محبوب تھا
دینِ حق کو دے دیا ہے دینِ محمدؐ میں قرار
مثل ہارون مصطفیٰؐ کا بس برادر ہے علیؑ
مصطفیٰؐ شہرِ علم ہے دَر علیؑ عالی وقار
گر نبیؐ سے ہے محبت جنت ملے جاگیر میں
ورنہ جہنم میں جلائے گا وہاں پروردگار
شافیٔ محشرمظفرؔ ہے رسولِؐ تاجدار
روزِ محشر کی شفاعت کا رہے گا انتظار
حکیم مظفر حسین
باغبان پورہ، لال بازار، سرینگر کشمیر
موبائل نمبر؛9622171322