نعت پاک
بحرِ جود و سخا کی آمد ہے
یعنی کہ مصطفیٰ ؐکی آمد ہے
رحمتیں برکتیں ہیں چھائی ہو ئیں
سید الانبیاء ؐکی آمد ہے
مرحبا جو ہیں صاحبِ لولاک
اس حبیبِ خداؐ کی آمد ہے
اے حلیمہ تمہارے آنگن میں
سرورِ دوسرا کی آمد ہے
مرحبا صورت محمدؐمیں
مظہر کبریا کی آمد ہے
ہوچراغاں نہ کیوں جہاں بھر میں
نور رب العلٰی کی آمد ہے
اب بھٹکنے کا غم کریں کیونکر
رہبر و رہنما کی آمد ہے
تیرگی منھ چھپائے ہے پھر تی
ذاتِ شمش الضحٰی کی آمد ہے
رشک فرماؤ جھومو ناز کرو
درد والو دوا کی آمد ہے
زاہدؔ آؤ منائیں جشنِ طرب
خاتم الانبیاءؐ کی آمد ہے
محمد زاہد رضا بنارسی
دارالعلوم حبیبہ رضویہ گوپی گنج ،بھدوہی
نعت نبیؐ
یا الٰہی ہو قلم پہ بس وہ عنایت آپ کی
ہاتھ میں میرے ہو لیکن وہ کتابت آپ کی
یہ تصور ہی نہیں ہے کہ میں لکھوں نعتِ نبیؐ
ہورہی ہے میرے دل سے وہ اطاعت آپ کی
نامِ محمدؐ اسمِ اعظم ہے وہ رحمتِ بیکراں
ہے میسر ہر کسی کو وہ سخاوت آپ کی
ہورہی پہچان جس سے آپ کے اَنوار کی
نُورِ محمدؐ میں ہے ظاہر وہ وجاہت آپ کی
لب و لہجہ اور اَدا سے پیکرِ اخلاق ہے
ہورہی ہے مصطفیٰؐ سے وہ خطابت آپ کی
شرف کیا بخشا ہے تو نے آپؐ کے نعلان کو
صاحبِ معراج کو تھی وہ اجازت آپ کی
روئے اَنور بھی ہے تاباں، جو ہے مثلِ آفتاب
اُس کی صورت میں سمائی وہ شباہت آپ کی
مصطفےٰؐ کے لب پہ جو تھی مَن کُنت مولا کی صدا
مل گئی حیدرؐ کو واللہ وہ وزارت آپ کی
لُوح و قلم کو ہے مظفرؔ بس نعت لکھنا ہی مُدعا
تو ثنائے مصطفےٰؐ لکھ ہے وہ عبادت آپ کی
حکیم مظفرؔحسین
باغبان پورہ لال بازار سرینگر کشمیر
موبائل نمبر؛96221713322