نعت پاک
یا نبی آتے ہی لب پر یہ کرشمہ ہوگیا
میرا غم ہی خود مرے غم کا مداوا ہوگیا
بدلی قسمت اور اُس کا ربِّ کعبہ ہوگیا
جو بھی سچّا عاشقِ شاہِ مدینہ ہوگیا
دے دیا تھا جس کو دنیا کے طبیبوں نے جواب
رحمتِ آقا سے وہ بیمار اچھا ہوگیا
اس کے گھر میں برکتوں نے کر لیا اپنا قیام
جس کے گھرمیں ذکر سرکار مدینہ ہوگیا
دیکھ کر شق القمر بوجہل یہ کہنے لگا
ایسا تو ممکن نہ تھا پھر کیسے ایسا ہوگیا
عاصیوں کا مرحبا عشقِ نبیؐ کے فیض سے
حشر میں جنّت عطا اعمال نامہ ہوگیا
اک نگاہِ لطف سلطانِِ مدینہ کی ہوئی
قطرہ دریا ہوگیا ذرّہ ستارا ہوگیا
زندہ باد آلِ نبی پائیندہ باد آلِ نبی
کربلا سے مذہبِ اسلام زندہ ہو گیا
معجزے تو دیکھئے ذاتِ رسالتؐ کے جناب
سورج اُلٹا، پاؤں پلٹا مہ دو پارہ ہوگیا
فاطمہؓ کے لال کا زاہدؔ جسے صدقہ ملا
ظالموں کے واسطے تلوار جیسا ہوگیا
محمد زاہد رضابنارسی
دارالعلوم حبیبیہ رضویہ گوپی گنج ۔بھدوہی
معراج نامہ
آگیا جبرئیل لے کر عرشِ اعلیٰ سے پیام
آج رب نے ہے بُلایا آپؐ کو خیرالانام
عرشِ اعلیٰ پہ ہے رب کو بس تیرا ہی انتظار
کرلیا ربِ جہاں نے اس ملک کا اہتمام
مصطفیٰؐ کو کردیا پھر برق پہ اُس نے سوار
لے لیا ہے ساتھ اپنے با اِدب اور احترام
لامکاں کے راستے میں رُک گئے اُس کے قدم
اُس کے آگے پا بہ نالاں چل دیئے عالی مقام
درمیاں میں قاب و قوسین کا فرق ہی رہ گیا
خالقِ اکبرہوئے یوں مصطفیٰؐ سے ہم کلام
تھا خُدا ئے ذوالجلال ہی مصطفیٰؐ کا میزبان
بن گیا یوں دستِ قدرت مصطفیٰؐ کا ہمطعام
کر رہا تھا یوں نظارہ نُور کا بس نُور تھا
صاحبِ معراج کا ہے اس قدر اعلیٰ مقام
ہوگئے اِسرار سارے مصطفیٰؐ پہ آشکار
پنج نمازوں کی عنایت آپ کی اُمت کے نام
پیش خدمت دوستوں کو یہ واقعہ ٔمعراج ہے
نعت لے کر ہے مظفرؔ مصطفیٰؐ کا یہ غلام
حکیم مظفر حسین
باغبانی پورہ، لعل بازار سرینگر
موبائل نمبر؛9622171322