نعت رسول ؐ
مدینے کی فضاؤں میں ہے کیا کیف واثر ساقی
ہے حسرت ،زندگی میری یہیں پر ہو بسر ساقی
یہ اعجاز ہے اس ارض مقدس کا کہ سب مسلم
زیارت کرنے آتے ہیں یہاں شام وسحر ساقی
کرے شمع رسالت پر نچھاور پھر متاع کوئی
نہیں دیکھا کسی نے مثل بوبکر ؓوعمر ؓساقی
یہاں سے آپ ؐگزرے تھے ،یہی ہجرت کا رستہ ہے
یہ دنیا بھر کے لوگوں کی ہے روشن رہگذر ساقی
تلاش حق میں رہتے تھے ،نبوت سے بھی پہلے آپ ؐ
ہوئی بعثت ،تو دی آوازِ حق شام وسحر ساقی
مقام اِک اِک یہاں کا آج بھی شمعِ ہدایت ہے
قرونِ اولیٰ کے لوگوں ساجذبہ ہو اگر ساقی
نسیمؔ اُس ذات نے توفیق دے کر مجھ کو آنے کی
زمانے بھر میں کتنا کردیا ہے معتبر ساقی
پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی
موبائل نمبر؛9419093692
نعت اقدس ﷺ
خدا کی رحمت رسولؐ بن کر عرب کا وہ ذی ہشام آیا
پلانے وحدت کا جام لے کر اماموں کا وہ امام آیا
جہاں میں چھائی تھی سخت ظلمت کہ لوگ کرتے تھے قتل و غارت
خدا کے فضل و کرم سے لوگو زمیں پہ ماہِ تمام آیا
زمانہ حیرت زدہ ہے اب تک نہ مل سکی ہے مثال اس کی
حسین بن کر فصیح بن کر جہاں میں اک خوش کلام آیا
نہ پاس کوئی بساط ہی ہے نہ پاس کوئی اثاث ہی ہے
کرم تمہارا ہر ایک رہ پر ہر ایک منزل پہ کام آیا
غم و الم کے ہزار بادل جو چھائے رہتے تھے ہم پہ اکثر
مٹا دیئے ہیں وہ غم ہمارے جہاں بھی مشکل مقام آیا
بروز محشر قریب کوثر شفیع محشر کو پاس پا کر
تمام میکش پکار اٹھے وہ دیکھو نازک خرام آیا
جہانِ الحاد سے نکل کر تو آجا آقا کی رہبری میں
تلاش حق میں ہے کیوں پریشاں ، وہ دیکھ عمدہ نظام آیا
چلے ہیں لے کے جو تیغ و خنجر عرب کا اک نامور عمر وہ
مگر بفیض محمدیﷺ سے وہاں پہ الفت کا جام آیا
درود پڑھ کر سلام پڑھ کر بنا لو قسمت جہان والو
’’ جھکاؤ نظریں بچھاؤ پلکیں ادب کا اعلیٰ مقام آیا ‘‘
سعید ؔبرسوں سے منتظر ہے اسی کے غم میں ہے رہتا ہر پل
نہ جانے کتنے زمانے گزرے مگر نہ کوئی پیام آیا
سعیدؔ قادری
صاحبگنج مظفرپور بہار9199533834