نعت
لایا ہوں در پہ آپ کے یہ نعت یا رسولؐ
نذرانہ ہے غلام کا یہ کیجئے قبول
جو جسمِ نازنیں سے گرے آپ ؐ کے نبیؐ
قطرے وہ عرق کے بنے ہیں گل، گلاب،پھول
صد بار میں نثار گھرانے پہ آپؐ کے
اس میں حسن، حسین ہیں شیرخدا، بتول
در پر تو آپؐ کے ہی زمانے میں باخدا
دل کا سکون پاتا ہے ہر شخصِ دل ملول
گھر کیجئے خدارا مرے دل میں ایک بار
ہو میرے غم کدے میں بھی خوشیوں کا اک نزول
خونِ جگر سے نعت یہ شادابؔ نے لکھی
بس یہ دعا ہے لب پہ کہ آقاؐ کرے قبول
شفیع شادابؔ
پازلپورہ شالیمارسرینگر کشمیر
موبائل نمبر؛9797103435
نعتِ رسولﷺ
رات میں دن کا فلسفہ دے گا
صدقہ آقاؐ کا یوں خدا دے گا
جانتا ہے درود کیا دے گا
سوئی قسمت تری جگا دے گا
جب بھی وہ مجھکو کربلادےگا
موت کو زندگی بنا دے گا
پال تو دل میں دردِ عشقِ نبیؐ
دیکھنا کس قدر مزہ دے گا
باالیقیں جاؤں گا مدینہ میں
یہ شرف عشقِ مصطفےٰؐ دےگا
لے اے ظلمت نصیب نامِ نبیؐ
ذہن و دل تیرے جگمگا دے گا
سنتوں میں ڈھلا یہ تیرا عمل
خاک سے کیمیا بنا دے گا
ذکیؔ طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی، یو پی
موبائل نمبر؛7007368108
نعت اقدس ﷺ
میں نے رکھی ہے وفا دارِ نبیؐ سے یاری
اور گستاخ نبیؐ سے ہے مری بیزاری
چھائی رہتی ہے خیالوں میں وہ صورت پیاری
سب کو مسحور ہے کرتی وہ حسیں گفتاری
حسنِ یوسفؑ کے خریدار ہزاروں ہیں مگر
سر کٹاتی ہے ترے نام پہ دنیا ساری
مجھکو فردوس میں جانے سے نہ روک اے رضواں
اُن کا شیدا ہوں نہ سمجھے تو مجھے بازاری
عرشِ اعظم سے اترتے ہیں ملائک ہر دم
اُن کو دیتے ہیں سلامی سبھی باری باری
لا مکاں میں جو ملاقات ہوئی تھی رب سے
اس کو معراج کی شب کہتی ہے دنیا ساری
معترف اہلِ جہاں تیرے ہیں آقاؐ میرے
تیرا احسان سبھی پر ہے رسول باری
ہے حسیں سب سے حسیں گنبدِ خضرا لوگو
ہو نہیں سکتی کہیں ویسی کبھی گلکاری
کُل جہاں چھان کے کہنے لگے جبریل امیں
’’ آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری ‘‘
سن لے یا رب تو محمدؐ کے وسیلے سے صدا
قومِ مسلم پہ وہ کرتے ہیں سدا بم باری
فرش سے عرش تلک نور کی برکھا ہے سعیدؔ
ہیں مدینے کے مضافات ہی سب سے پیاری
سعیدآ قادری
مظفرپور بہار،موبائل نمبر؛9199533834