سرینگر// حریت(گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری قیدیوں کی بگڑتی صحت پر گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سلامتی کے متعلق خدشات ظاہر کئے ہیں۔ انہوں نے تہار جیل میں مقید کشمیری قیدیوں کی فی الفور وادی منتقلی کی اپنی دیرینہ مانگ دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیدیوں بالخصوص کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی جن کی صحت کافی زیادہ خراب ہوگئی ہے ، جبکہ شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، شاہد اسلام، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد یوسف اور ڈاکٹر غلام محمد بٹ سمیت دیگر قیدیوںکی طبی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے اور جیل میں انہیں کوئی گزند پہنچی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے جس کے لیے کُلی طور دہلی کے حکمران بالخصوص اور ریاستی انتظامیہ بالعموم مشترکہ طور ذمہ دار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں کے خلاف آج تک بھارتی تحقیقاتی ایجنسی NIAکوئی فردِ جرم ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، لیکن اپنی منہ زور میڈیا کے ذریعے انہیں گرفتاری سے قبل ہی مجرم قرار دے کر انصاف، آزادی اور قانون کا سرِعام قتل کیا گیا۔