عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت کی 7رُکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے اسکولوں کی نصابی کتابوں میں’انڈیا‘کو ’بھارت‘سے بدلنے کی سفارش کی ہے۔ساتھ ہی پینل نے تمام مضامین کے نصاب میں انڈین نالج سسٹم (IKS) کو متعارف کرانے کیساتھ ساتھ یہ بھی تجویز دی ہے کہ’ قدیم تاریخ‘ کے بجائے’کلاسیکی تاریخ‘ کو تاریخ کی نصابی کتابوں میں متعارف کرایا جانا چاہیے۔اسکولی نصاب پر نظر ثانی کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے چیئرمین سی آئی اسحاق نے بدھ کو کہاکہ اُن کی سربراہی والی 7نفری کمیٹی نے کہا کہ اسکولوں کے نصابی کتابوں میں ’انڈیا‘کے نام کو ’بھارت‘ سے بدلنے، نصاب میں ’قدیم تاریخ‘کے بجائے ’کلاسیکی تاریخ‘ متعارف کرانے اور تمام مضامین کے نصاب میں ہندوستانی نالج سسٹم (IKS) کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش کی ہے کہ کلاسوں کے طلباء وطالبات کیلئے نصابی کتب میں ’بھارت‘کا نام استعمال کیا جانا چاہیے۔اسحاق نے بتایاکہ ہم نے نصابی کتابوں میں’قدیم تاریخ‘کے بجائے’کلاسیکی تاریخ‘ متعارف کرانے کی بھی سفارش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا تذکرہ پینل کے تیار کردہ سوشل سائنسز پر فائنل پوزیشن پیپر میں بھی ملا۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کی اصطلاح عام طور پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے قیام اور 1757 میں پلاسی کی جنگ کے بعد ہی استعمال ہونے لگی۔ دوسری طرف، بھارت کی اصطلاح کا استعمال5000 سے زیادہ پرانا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس پس منظر میں،پینل کے تمام ساتوں اراکین نے تمام کلاسوں کے طلباء وطالبات کیلئے نصابی کتب میں لفظ یااصطلاح بھارت کے استعمال کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستانی آئین کا آرٹیکل 1(1) کہتا ہے کہ انڈیا، یعنی بھارت، ریاستوں کا اتحاد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے نصابی کتابوں میں مختلف لڑائیوں میں “ہندو فتوحات” کو اجاگر کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔اسحاق نے کہا کہ ہماری ناکامیوں کا تذکرہ نصابی کتب میں موجود ہے۔ لیکن مغلوں اور سلطانوں پر ہماری فتوحات نہیں ہیں” ۔ کونسل نے حال ہی میں نصاب، نصابی کتب اور سیکھنے کے مواد کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک 19 رکنی قومی نصاب اور تدریسی مواد کی کمیٹی (NSTC) تشکیل دی ہے۔